میجر محمد اکرم شہید کا 87واں یومِ پیدائش آج منایا جائے گا

انہیں پاک بھارت جنگ میںبہادری پر نشانِ حیدرملا،خراج عقیدت پیش کیا جائے گا

جمعرات 3 اپریل 2025 12:55

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)میجر محمد اکرم شہید کا 87واں یومِ پیدائش آج مورخہ 4اپریل کو منایا جائے گا،میجر محمد اکرم شہید پاک آرمی کے ایک بہادر افسر تھے جنہیں 1971کی پاک بھارت جنگ میں غیر معمولی بہادری کے اعتراف میں پاکستان کے اعلی ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا، وہ 4اپریل 1938کو ضلع گجرات کے قصبہ ڈنگہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ 13اکتوبر 1963کو فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا،میجر اکرم نے 1965 کی جنگ میں بھی حصہ لیا اور کئی کامیاب آپریشنز کی قیادت کی، 1971کی جنگ کے دوران وہ مشرقی پاکستان کے علاقے ہلی میں تعینات تھے جہاں ان کی کمپنی کو بھارتی فوج کی شدید یلغار کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے محدود وسائل کے باوجود دشمن کی پیش قدمی کو روکے رکھا اور بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا، 5دسمبر 1971کو میجر اکرم دشمن کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، ان کی بہادری اور قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلی ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا، میجر محمد اکرم کی آخری آرام گاہ مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش)میں ہے اور ان کی یاد میں پاکستان میں مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں تاکہ ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے، میجر اکرم کی زندگی اور قربانی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور وہ نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہیں۔