حیدرآباد کے قاضی قیوم روڈ کے رہائشی معذور شخص فاروق احمد کا روزگار کے لیے حیدرآباد پریس کلب پر احتجاج

جمعرات 3 اپریل 2025 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) حیدرآباد کے قاضی قیوم روڈ کے رہائشی معذور شخص فاروق احمد نے روزگار کے لیے حیدرآباد پریس کلب پر احتجاج کیا، انہوں نے فریاد کی کہ وہ غریب اور دونوں ٹانگوں سے معذور ہے۔ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے سخت پریشانی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے، جب کہ اس کی مدد کرنے والا بھی کوئی نہیں۔

اس نے کہا کہ مہنگائی کے سبب پیٹ پالنا بھی مشکل ہو گیا ہے، اور نوکری کے صرف دلاسے دیے جا رہے ہیں، لیکن روزگار نہیں مل رہا۔ وہ گھر میں فاقے کرنے پر مجبور ہے۔اس نے حکام سے اپیل کی کہ اسے روزگار فراہم کیا جائے اور اس کے ساتھ انصاف کیا جائے۔قاسم آباد واھو واہ کی رہائشی مسمات آمنہ خاتون نے اپنی بیٹی بسما اور بھائی صدام حسین کے ساتھ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس کا شوہر ایاز لاکیر نشے کا عادی شخص ہے، جس نے گھر کا سارا سامان بیچ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے پاس دودھ کی دکان تھی، جسے بھی تباہ کر چکا ہے۔اس نے مزید کہا کہ اس کا شوہر اب نوجوان بیٹی بسما کو بھی بیچنا چاہتا ہے، جس کے باعث وہ اپنا گھر چھوڑ کر اپنے بھائیوں کے پاس رہنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ شوہر بچوں کو قتل اور اغوا کرنے کی سنگین دھمکیاں دے رہا ہے۔ نسیم نگر تھانے میں درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے، لیکن شوہر ایاز لاکھیر اب بھی دھمکیاں دے رہا ہے۔اس نے حکام سے اپیل کی کہ اسے شوہر کے ظلم سے بچایا جائے اور تحفظ فراہم کیا جائے۔