سب سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی سستی نہ کرنے کا فیصلہ

ماہانہ 50 یونٹس یا 100 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں کوئی کمی نہیں ہو گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 اپریل 2025 22:05

سب سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی سستی نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2025ء) سب سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی سستی نہ کرنے کا فیصلہ، ماہانہ 50 یونٹس یا 100 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں کوئی کمی نہیں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی قیمتوں میں ریلیف کے اعلان کے بعد مختلف کیٹگریز کے صارفین کیلئے موجودہ ریٹس اور نئی قیمتوں کا تعین بھی کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کم بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن بجلی صارفین کیلئے بجلی سستی نہیں کی گئی۔ 50 یونٹ تک والے لائف لائن صارفین کیلئے بجلی نرخ فی یونٹ 4 روپے 78 پیسے ،51 سے 100 یونٹ والے لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت9 روپے37 پیسے برقرار رکھی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ قومی سطح پر مجموعی اوسطاً ٹیرف میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کی کمی کی گئی ہے قومی سطح پر مجموعی ٹیرف 45 روپے 5پیسے سے کم کرکے اوسطاً 37 روپے64 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے ۔

1 سے 100 یونٹ والے پروٹیکٹیڈ صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں 6 روپے 14 پیسے کمی کردی گئی ہے جبکہ پروٹیکٹیڈ صارفین کیلئے نرخ 14 روپے 67 پیسے سے کم کر کے 8 روپے 52 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے ۔ 101 سے 200 یونٹ والے صارفین کیلئے بجلی 6 روپے 14 پیسے سستی کردی گئی ہے اس کیٹگری کے صارفین کیلئے نرخ 17 روپے 65 پیسے سے کم کرکے 11 روپے51 پیسے یونٹ مقرر کی گئی ہے ۔

300 یونٹ تک نان پروٹیکیڈ صارفین کیلئے بجلی 7 روپے 24 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے، ان صارفین کے لئے نرخ 41 روپے26 پیسے سے کم کرکے34 روپے 3 پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں ۔ نان پروٹیکیڈ 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 7 روپے 24 پیسے سستی کر کے نرخ 55 روپے 70 پیسے سے کم کرکے 48 روپے 46 پیسے مقرر کر دیے گئے ۔ ڈومیسٹک صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 6 روپے71 پیسے کمی کی گئی ہے جبکہ ڈومیسٹک صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت38 روپے34 پیسے سے کم کرکے31 روپے63 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے ۔

کمرشل صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 8 روپے 58 پیسے فی یونٹ کمی جبکہ کمرشل کیٹگری کے صارفین کیلئے نرخ 71 روپے 6 پیسے سے کم کرکے62 روپے 47 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ جنرل سروسز کے صارفین کیلئے بجلی نرخوں میں7 روپے18 پیسے فی یونٹ کمی کردی گئی ہے اس کیٹگری کے صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت56 روپے66 پیسے سے کم کرکے49 روپے 48 پیسے مقرر کی گئی ہے ۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 روپے69 فی یونٹ کی کمی جبکہ صنعتوں کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت 48 روپے 19 پیسے سے کم کرکے40 روپے51 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ بلک کیٹگری کے صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت7 روپے 18 پیسے کم کردی گئی ہے جبکہ پبلک کیٹگری صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت 55 روپے 5 پیسے سے کم کرکے47 روپے87 پیسے مقرر کی گئی ہے ۔

اسی طرح زرعی صارفین کیلئے کی فی یونٹ 7 روپے 18 پیسے بجلی سستی کردی گئی زرعی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت41 روپے 76 پیسے سے کم کرکے 34 روپے 58 پیسے مقرر کی گئی ہے جبکہ آزاد کشمیر اور دیگر کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 6 روپے 99 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ اس کیٹگری کے صارفین کیلئے نرخ39 روپے68 پیسے سے کم کرکے32 روپے69 پیسے فی یونٹ مقرر کردی گئی ہے ۔