سندھ کی زمینوں پر مختلف منصوبوں کے نام پر قبضے ،دریائے سندھ پر نہر بنانے کے منصوبے کیخلاف تحریک قومی تحریک بن چکی ہے، ڈاکٹر قادر مگسی

سندھ نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے سندھ دشمن فیصلوں کو مسترد کروایا ہے اور اب بھی کروائے گا، چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی

جمعہ 4 اپریل 2025 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ کی زمینوں پر مختلف منصوبوں کے نام پر قبضے اور دریائے سندھ پر نہر بنانے کے منصوبے کے خلاف تحریک اب عوامی اور قومی تحریک بن چکی ہے۔ سندھ نے ہمیشہ پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے سندھ دشمن فیصلوں کو مسترد کروایا ہے اور اب بھی کروائے گا۔

سندھ کے عوام اپنے وطن اور وسائل کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ ملک کے حکمرانوں کو اب سوچنا ہو گا کہ صوبوں کی مرضی کے بغیر کیے گئے فیصلے ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے، پیپلز پارٹی سڑکوں پر احتجاج کے بجائے عملی اقدام اٹھائے، قومی اسمبلی، سینیٹ اور دیگر صوبوں میں قرار داد لائے۔ شہباز شریف کی وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے کندھوں پر کھڑی ہے، اگر پیپلز پارٹی کو سندھ سے سچی ہمدردی ہے تو یا تو وفاقی حکومت سے یہ فیصلہ واپس لے یا پھر حکومت کا ساتھ چھوڑ دے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ایس ٹی پی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ایس ٹی پی کی جانب سے اعلان کردہ احتجاجی دھرنے 10 اپریل سے شروع ہوں گے اور روزانہ سندھ کی مرکزی شاہراہ پر دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کو مزید مضبوط اور توانا بنانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے ایس ٹی پی کے کارکنان اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ہم اپنے مادرِ وطن سندھ اور دریائے سندھ کو بچا سکیں۔