Live Updates

اس سیریز میں اچھا نہیں کرسکے مگر امید ہے کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے : محمد رضوان

ہمیں نئی ​​گیند کے خلاف بہتر کھیلنا ہوگا، ہم واپس جائیں گے اور یہاں سے جو کچھ بھی سیکھا ہے اس پر بات کریں گے : ون ڈے کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 اپریل 2025 12:41

اس سیریز میں اچھا نہیں کرسکے مگر امید ہے کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی ..
ماؤنٹ مونگا نوئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اپریل 2025ء ) قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی (اور یہاں کی سیریز) میں اچھا نہیں کر سکے، امید ہے کہ ہم پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ 
نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی شکست کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مایوس کن سیریز ہے، بابر اعظم اور نسیم شاہ کی بیٹنگ ہمارے لیے مثبت بات ہے، سفیان مقیم نے بہت اچھی بولنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نیوزی لینڈ کو کریڈٹ دوں گا۔ وہ واقعی کھیل کے تمام شعبوں میں کھیلے ، ہمیں نئی ​​گیند کے خلاف بہتر کھیلنا ہوگا۔ ہم واپس جائیں گے اور یہاں سے جو کچھ بھی سیکھا ہے اس پر بات کریں گے۔

(جاری ہے)

محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہم پی ایس ایل سے لطف اندوز ہونے جا رہے ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ ہم چیمپئنز ٹرافی (اور یہاں کی سیریز) میں اچھا نہیں کر سکے امید ہے کہ ہم پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان کو 43 رنز سے شکست دیکر سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا۔
ماؤنٹ مونگا نوئی میں کھیلے جارہے میچ کو بارش کے باعث 42 اوورز تک محدود کردیا گیا ۔ 
پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم نے ایک بار پھر جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 264 رنز بنائے، کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ اوپنر ریس ماریو 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

 
پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید 4 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے، نسیم شاہ نے دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ 
ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر مایوس کُن رپا، اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تو امام ایک رن بناکر فیلڈر کی گیند لگنے کے باعث انجری کا شکار ہوکر ریٹائر ہرڈ ہوگئے، اوپنر عبداللہ شفیق 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 
دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 11، عثمان خان 12، کپتان محمد رضوان 37، طبیب طاہر 33، نسیم شاہ 17، فہیم اشرف 3، محمد وسیم جونئیر صفر پر پویلین لوٹے جب کہ بابر اعظم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے 5، جیکب ڈفی 2 جبکہ محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات