منشیات کے خلاف جنگ، آگاہی نصاب میں شامل کی جائے ، جمیل ضیاء

ہفتہ 5 اپریل 2025 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی ضلع ویسٹ کے جنرل سیکریٹری اور اورنگی ٹان کراچی کے چیئرمین جمیل ضیا نے کہا ہے کہ منشیات کے مضر اثرات کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے تاکہ نئی نسل کو اس خطرناک لعنت سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے اورنگی ٹائون آفیس میں علاقہ مکینوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوانوں میں تمباکو، چرس، شیشہ، افیون، شراب اور دیگر جدید قسم کی منشیات کا استعمال عام ہوچکا ہے جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

جمیل ضیا کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کے باعث نہ صرف نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی صلاحیتیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ ان کا مستقبل بھی تاریکی کی طرف جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سگریٹ نوشی آج فیشن بنتی جا رہی ہے اور نوجوانوں میں اس کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ والد اپنے بیٹے کے سامنے اور استاد اپنے شاگردوں کے سامنے سگریٹ نوشی کرتے نظر آتے ہیں، جو ایک انتہائی منفی پیغام ہے۔

ایسے رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی جا سکے۔چیئرمین اورنگی ٹان نے اعلان کیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور اورنگی ٹان کے ہر کونے سے منشیات اڈے ختم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پولیس اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی صورت میں منشیات کی خرید و فروخت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

جمیل ضیا نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے خلاف ایک مضبوط تحریک کا حصہ بنیں اور خود کو اس لعنت سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا تاکہ اپنے معاشرے کو اس زہرناک لعنت سے پاک کر سکیں۔انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے بلاول بھٹو ایک مثالی اور باہمت لیڈر ہیں، جو ہر میدان میں نوجوانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔