سندھ کو اس وقت پاکستان چاہیے تحریک نہیں بلکہ کینال نہیں چاہیے تحریک کی ضرورت ہے، ڈاکٹر قادر مگسی

ہفتہ 5 اپریل 2025 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ سندھ کو اس وقت پاکستان چاہیے تحریک نہیں بلکہ کینال نہیں چاہیے تحریک کی ضرورت ہے۔بلاول بھٹو زرداری سندھ کے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔سندھ اس وقت دریائے سندھ کے تحفظ اور چھ کروڑ انسانوں کی بقا کی تحریک چلا رہا ہے۔

دریائے سندھ چھ کروڑ انسانوں کی زندگی کا سہارا ہے۔

(جاری ہے)

آج سندھ میں "نہ چاہیے نہ چاہیے، کینال نہیں چاہیی" کا نعرہ ہر دل کی آواز بن چکا ہے۔بلاول بھٹو زرداری "پاکستان چاہیے تحریک" کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ سندھ میں کینال کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان مخالف تحریک چل رہی ہے۔یہ تاثر دے کر وہ ایک طرف اپنی لوٹ مار کی حکومت کو طوالت دینا چاہتا ہے، اور دوسری طرف سندھ میں جاری دریائے سندھ کے تحفظ کی تحریک کو روکنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ہم واضح کرتے ہیں کہ اس وقت سندھ اپنی بقا اور دریائے سندھ کے تحفظ کی جدوجہد کر رہا ہے، اور یہ جدوجہد کامیابی تک جاری رہے گی۔باقی بلاول بھٹو کی گمراہی اور ڈرامہ بازی میں اب سندھی قوم نہیں آئے گی۔