ہم پاکستان کو تعمیری سیاست کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم ہیں،بیرسٹر دانیال چوہدری

اتوار 6 اپریل 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو تعمیری سیاست کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم ہیں،بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی واضح عکاسی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی استحکام کی جانب سفر کی جڑیں معاشی اصلاحات اور عوام پر مبنی پالیسیوں میں پیوست ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے ذریعے ہی قوموں کو طاقت ملتی ہے اور ہم پاکستان کو تعمیری سیاست کی طرف لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں حالیہ کمی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی واضح عکاسی ہے۔وفاقی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبسڈی والے ٹریکٹرز کے ذریعے کسانوں کی مدد کی گئی ہے اور نوجوانوں کو لیپ ٹاپ کے ذریعے بااختیار بنایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب کہ ہم ترقی اور خدمت پر مبنی طرز حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، دوسرے لوگ تقسیم، تباہی اور سیاسی افراتفری کو فروغ دینے میں مصروف رہتے ہیں۔