حجاج کرام کو حج کی ٹریننگ سے پہلے ہی ویکسین دینے کی تجویز

عازمین حج کو ملک کے مختلف اضلاع میں تربیت دی جا رہی ہے اور حجاج کی ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا؛ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 اپریل 2025 14:44

حجاج کرام کو حج کی ٹریننگ سے پہلے ہی ویکسین دینے کی تجویز
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2025ء ) رواں برس حجاج کرام کو حج کی ٹریننگ سے پہلے ہی ویکسین دینے کی تجویز پیش کردی گئی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ حجاج کے لیے فلائٹس 28 مئی سے شروع ہوں گی اور اس سال سرکاری حج سکیم کے تحت 90 ہزار حاجی سعودی عرب روانہ ہوں گے، حجاج کے لیے تمام انتظامات حتمی مراحل میں ہیں، سعودی عرب جا کر حجاج کرام کے لیے انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لیا ہے، عازمین حج کو ملک کے مختلف اضلاع میں تربیت دی جا رہی ہے اور حجاج کی ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا، تجویز ہے کہ حجاج کو ٹریننگ سے پہلے ہی ویکسین دی جائے تاکہ ان کی صحت کے حوالے سے کوئی پریشانی نہ ہو۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے 2025ء کے حج کے لیے پیشگی آپریشن کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حج آپریشن 29 اپریل سے شروع ہوگا اور یکم جون تک جاری رہے گا، قومی ایئر لائن اس سال 56 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے 280 خصوصی پروازیں چلائے گی، 20 ہزار عازمین حکومتی حج اسکیم جبکہ 36 ہزار عازمین نجی حج اسکیم کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے سفر کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کی طرف سے بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیاروں کو آرام دہ اور منظم سفر کے لیے استعمال کیا جائے گا، پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن 12 جون سے شروع ہوگا اور 10 جولائی تک جاری رہے گا، جس دوران عازمین کو واپس لانے کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی، پی آئی اے نے تمام پروازوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔