بھارت ،فلسطینی جھنڈا لہرانے پر مسلمان ملازم نوکری سے برطرف

پیر 7 اپریل 2025 16:05

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) بھارتی ریاست اتر پردیش میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر فلسطینی پرچم لہرانے پر محکمہ بجلی میں تعینات ایک مسلمان ملازم کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے متعلقہ کمپنی کے نام ایک مراسلہ جاری کیا جس میں فلسطینی پرچم لہرانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کنٹریکٹ ورکرشکیب خان پرملک دشمن سرگرمیوںمیں ملوث ہونے کاالزام لگاتے ہوئے اسے برطرف کرنے کی ہدایت کی گئی۔

شکیب خان کو ملازمت دینے والی کمپنی کو محکمہ بجلی کے حکام کی جانب سے ایک خط موصول ہوا جس میں انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔شکیب خان سہارنپور شہر کے کیلاش پور پاور سب اسٹیشن میں کنٹریکٹ ملازم کے طور پر تعینات تھے۔

(جاری ہے)

عید کے دن ثاقب نے فلسطینی پرچم لہرایا اور فیس بک پر تصویر پوسٹ کی۔محکمہ بجلی کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر ششیر کمار چاہی نے بتایا کہ ثاقب کیلاش پور کے چھتمل پور فیڈر پر کام کر رہا تھا۔

جب معاملہ سامنے آیا اور اس کی تحقیقات کی گئی تو اسے ملک دشمن سرگرمی قرار دیا گیا۔ محکمے نے فوری طور پر کارروائی کی اور متعلقہ کمپنی کو شکیب خان کی ملازمت ختم کرنے کے لیے خط لکھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ثاقب کو برطرف کیا جائے اور محکمے کو فوری آگاہ کیا جائے۔ محکمے نے ان کی برطرفی کے فوری احکامات جاری کر دیے۔جب فلسطینیوں کی حمایت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی بات آتی ہے تو اتر پردیش اور دیگر ریاستوں کی پولیس انتہائی تیزی دکھاتی ہے۔ اتر پردیش، مدھیہ پردیش، بہار، کرناٹک اور دیگربھارتی ریاستوں میں درجنوں افراد کو فلسطینیوں کی حمایت کرنے، فلسطینی پرچم لہرانے اور فلسطینیوں کے حق میں سوشل میڈیا پوسٹس کرنے پر گرفتار کیا گیا۔