شاہ آباد کوٹھے روڈ کی آر آر سی تعمیر کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے، ایم پی اے چوہدری فیصل اکرام

پیر 7 اپریل 2025 17:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2025ء) رکن پنجاب اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ 6 کروڑ روپے کی لاگت سے شاہ آباد کوٹھے روڈ کی آر آر سی تعمیر کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے پیر کو اپنے حلقہ انتخاب یوسی جودھے والی کی روڈ شاہ آباد کوٹھے ظفر وال روڈ کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے موقع پر کہا کہ محکمہ ہائی وے ڈویژن کے زیر نگرانی اس منصوبے کا ٹینڈر میرٹ پر 30 فیصد کم لاگت پر الاٹ کیا گیا اور مقررہ مدت کے اندر روڈ کی تعمیر مکمل کرلی گئی جبکہ کشنے والی ریلوے پھاٹک کی توسیع کے لئے پاکستان ریلوے کو ایک کروڑ روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا دیا گیا ہے ،جلد اس منصوبے کو مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے اقتدار میں آکر مشکل ترین حالات میں معیشت کو کاندھا دیا اور اب معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے ، مہنگائی 38 فیصد سے صرف 1.5 فیصد تک آ گئی ہے ، تمام وفاقی و صوبائی حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت ہے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے عوام کی امنگوں کے مطابق کام کیا جائے۔

انہوں نے روڈ کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کروائے جائیں گے اور منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا ایک ایک پیسہ سوچ سمجھ کر خرچ کیا جائے گا تاکہ عوام ان منصوبوں سے عرصہ دراز تک استفادہ حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے بغیر کسی التوا کے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے اور منصوبوں کی تکمیل میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔