پشاور پریس کلب کے باہر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ

پیر 7 اپریل 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ پشاور کی جانب سے پشاور پریس کلب کے باہر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔احتجاجی مظاہرے میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صوبائی صدر عارف اللہ خٹک، جنوبی پختونخواہ کے صدر یاور آفتاب، جمعیت علمائے اسلام س گروپ کے رہنما یوسف شاہ، سیکرٹری جنرل پاکستان مرکزی مسلم لیگ پشاور انعام اللہ، چیف خطیب خیبرپختونخواہ طیب قریشی سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی مظاہرے میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے جن کے ہاتھوں میں اسرائیل مخالف اور فلسطین کے حق میں پلے کارڈز پر نعرے درج تھے۔

مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیاصوبائی صدر عارف اللہ خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جسے ہم کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک اور عید کے مقدس ایّام میں اسرائیل نے معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کو بے دردی سے شہید کیا۔

اسرائیل نے ایسی کوئی ٹیکنالوجی نہیں چھوڑی جو فلسطین میں استعمال نہ کی ہو، لیکن افسوس ہے ان نام نہاد انسانیت کے علمبردار اداروں، اقوامِ متحدہ اور امت مسلمہ کے حکمرانوں پر، جو اس ظلم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ آج ہم حکومتِ وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کے حق میں کھڑے ہو کر امت کی قیادت کرے اور اسرائیل کو اٴْس کی زبان میں جواب دیجنوبی پختونخواہ کے صدر یاور آفتاب نے کہا کہ مظلوم فلسطینی اس وقت اسلام اور بیت المقدس کے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ صرف فلسطین کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔