اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو باقاعدہ طور پر ملک بدر کیا جا رہا ہے، قادر مگسی

پیر 7 اپریل 2025 21:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2025ء)سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو باقاعدہ طور پر ملک بدر کیا جا رہا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سندھ حکومت اس اہم قومی معاملے پر مکمل خاموش اور لاتعلق نظر آ رہی ہے، غیرقانونی غیرملکیوں کی موجودگی نہ صرف امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرتی ہے، بلکہ مقامی لوگوں کے وسائل، روزگار اور سماجی ڈھانچے پر بھی دبا ڈالتی ہے۔

ایک بیان میں ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ حکومت کی یہ بے حسی قومی مفادات کے خلاف ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ حکومت فوری طور پر حرکت میں آئے، اور غیر قانونی افغان باشندوں کی ملک بدری کے لیے واضح پالیسی اور حکمتِ عملی مرتب کرے، جیسا کہ ملک کے دیگر حصوں میں کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی غفلت نہ صرف قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچاتی ہے، بلکہ صوبائی سطح پر انتظامی نااہلی کی عکاسی بھی کرتی ہے۔

سندھ حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے پر توجہ دے اور افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے، ایس ٹی پی چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ اب بدل چکی ہے، سندھ کے عوام اب کسی بھی دھوکے یا فریب میں نہیں آئیں گے۔ جب تک دریائے سندھ پر کینال (نہر) کی تعمیر کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا، سندھ میں جاری احتجاج نہ صرف جاری رہے گا بلکہ مزید شدت اختیار کرے گا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے سندھ مسلسل احتجاج کی حالت میں ہے لیکن وفاقی حکومت دانستہ طور پر لاپروائی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اگر وفاقی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ اس کی لاپروائی سے سندھ کے لوگ احتجاج کرتے کرتے تھک جائیں گے، تو یہ ان کی بڑی بھول اور تاریخی غلطی ہو گی۔