Live Updates

میٹرک کے امتحانات کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ، صوبائی وزیر تعلیم کی پشاور میں سکول کے دورہ کے موقع پر گفتگو

منگل 8 اپریل 2025 16:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں میٹرک کے امتحانات کے انعقاد کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو کہ متعلقہ بورڈز کے کنٹرول رومز کے ساتھ منسلک ہیں۔ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی ضلعی انتظامیہ اور ایجوکیشن حکام امتحانی نظام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

شفافیت کے پیش نظر نجی سکولوں کے امتحانی ہالوں کو بھی سرکاری امتحانی ہالوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔امتحانی ہالوں کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ہم امتحانی ہالوں میں بچوں کو فرنیچر، صاف پانی، بجلی اور دیگر تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر ون پشاور صدر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امتحانات سے قبل تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، سیکرٹریز اور کنٹرولرز بشمول دیگر عملے کو میرٹ پر تعینات کیا گیا ہے اور بورڈ سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ امتحانی عملے میں سے کوئی بھی اہلکار پرچہ لیک، نقل کی فراہمی یا دیگر مسئلوں میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف ای این ڈی رولز کے تحت سخت ترین کاروائی ہوگی۔ اور مستقل طور پر امتحانی ڈیوٹیز میں پابندی بشمول دیگر سخت سزائیں دی جائے گی۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہر صورت عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ تعلیم میں میرٹ اور شفافیت لانی ہے تاکہ وہ بچے جو محنت اور تیاری کرتے ہیں ان کو اپنا حق ملے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ مسائل کی نشاندہی کریں۔ ہم اس پر فوری قرار واقعی سزا دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبے میں جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے تعلیم ہماری اولین ترجیح رہی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختون خوا کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلی آئی ہے۔

گزشتہ سال کے میٹرک امتحان میں 19 سرکاری سکولوں کے بچوں نے نمایاں پوزیشنز لی تھی ہمارے سرکار ی سکولوں کے بچوں نے ایٹا اور ایم ڈی کیٹ میں بھی نمایاں پوزیشنز لی ہیں جس میں ڈبل شفٹ سکول پروگرام کے بچے بھی شامل ہیں۔ فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور سیکرٹریٹ لیول پر بھی انفارمیشن ڈسک قائم کئے گئے ہیں۔ ہاٹ لائن نمبر واٹس ایپ نمبر اور رابطے کے لئے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہے اور کسی بھی قسم کے مسائل کی نشاندہی پر فوری کاروائی ہوگی۔

وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ ہمارا امتحانی نظام ،سکولوں میں سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی تربیت، طلبا کے امتحانی نتائج اور دیگر امور میں خیبر پختونخوا کو تمام صوبوں پر سبقت حاصل ہے اور اس میں مزید بہتری کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات