نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے پنجاب حکومت نے تمام پارلیمانی پارٹیوں کو ایک پیچ پر لے لیا

منگل 8 اپریل 2025 23:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے پنجاب حکومت نے تمام پارلیمانی پارٹیوں کو ایک پیچ پر لے لیا۔دہشتگردی کے خاتمہ ،نیشنل ایکشن پلان کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب میں لیگل ریویو سٹرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کی۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ق)سے چودھری شافع حسین، پیپلزپارٹی سید علی حیدر گیلانی، پاکستان تحریک انصاف سے احمد بھٹی اور استحکام پاکستان پارٹی سے غضنفر عباس چھینہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ڈی ٹی، قانون، پراسیکیوشن ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں سی آر پی سی، پی پی سی ،قانون شہادت میں دہشتگردی سے متعلق قوانین میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا، دہشتگردی سے متعلق کرمینل جسٹس سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی ڈی ٹی کو قوانین میں ضروری تبدیلیاں کرنے سے متعلق ٹاسک سونپ دیا گیا۔صوبائی وزیر قانون صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے تمام پارلیمانی پارٹیوں کو کمیٹی کا ممبر بنایا ،پنجاب حکومت سنجیدگی سے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر رہی ہے۔صوبہ کے بارڈرایریاز میں نئی چیک پوسٹس بنائی جا رہی ہیں،سیف سٹی کے کیمروں کا دائرہ کار صوبہ بھر میں پھیلایا جا رہا ہے،بارڈر ایریا فورس میں ایک ہزار نئی بھرتیاں کی گئی ہیں۔