ایک سال میں ریکارڈ 1061 پاکستانی ڈاکٹروں نے امریکہ میں رہائش حاصل کرلی

اب تک امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد ہے

منگل 8 اپریل 2025 22:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2025ء)پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد نے ایک سال کے دوران امریکا میں رہائش حاصل کرلی۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق یہ اب تک امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد ہے۔پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج نے کامیابی کو پاکستانی میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1061 ڈاکٹروں کی کامیابی ہمارے لیے انتہائی خوشی اور مسرت کی بات ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر رضوان تاج نے کہا کہ سخت معیار اور نصاب نے عالمی سطح پر پاکستانی ڈاکٹروں کی راہ ہموار کی۔ پاکستانی ڈاکٹروں نے یو ایس ایم ایل ای، انٹرویوز اور سخت مراحل کے بعد کامیابی حاصل کی۔صدر پی ایم ڈی سی نے کہا کہ ہمارا وژن عالمی معیار کے ہیلتھ پروفیشنلز تیار کرنا ہے، پاکستانی ڈاکٹروں کی کامیابی اور عالمی صحت کے نظام میں اہم کردار ادا کرے گی۔کنگ ایڈورڈ، ڈا اور علامہ اقبال میڈیکل کالجز کے طلبا کی بڑی تعداد امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔