21 سال بعد پی آئی اے نے اربوں روپے کا منافع حاصل کرلیا

2024 میں قومی ائیرلائن نے 9.3ارب روپے آپریشنل منافع جبکہ 26.2 ارب روپے خالص منافع کمایا،قومی ائیرلائن کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو کہ کسی بھی بہترین ائیرلائن کے ہم پلہ ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 اپریل 2025 10:55

21 سال بعد پی آئی اے نے اربوں روپے کا منافع حاصل کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09اپریل 2025)قومی ائیر لائن نے 21 سال بعد اربوں روپے کا خالص منافع حاصل کر لیا ہے،پی آئی اے کئی سالوں بعد مالی بحران سے نکل گیا،بورڈ نے مالیاتی رپورٹ کی منظوری دے دی، جس کے مطابق قومی ایئرلائن کو 26ارب سے زائد کا منافع ہوا،وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اب قومی ایئرلائن کی نجکاری سے حکومت کو فائدہ ہوگا۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کے مطابق 2024 میں قومی ائیرلائن نے 9.3ارب روپے آپریشنل منافع جبکہ 26.2 ارب روپے خالص منافع کمایا۔قومی ائیرلائن کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو کہ کسی بھی بہترین ائیرلائن کے ہم پلہ ہے۔پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کے سال 2024 کے سالانہ نتائج کی منظوری دے دی جس کے مطابق پی آئی اے نے 21 سال کی طویل مدت کے بعد خالص منافع حاصل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی ائیرلائن نے آخری منافع سال 2003 میں حاصل کیا تھا۔قومی ایئرلائن میں اصلاحات کے دوران پی آئی اے کی افرادی قوت اور اخراجات میں واضح کمی، منافع بخش روٹس میں استحکام، نقصان دہ روٹس کا خاتمہ اور بیلنس شیٹ ری اسٹرکچرنگ کی گئی۔ دریں اثناءخواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئیٹر) پر اپنے بیان میں لکھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے مالی سال 2024 کے اپنے اکاونٹس کی منظوری دے دی ہے۔

اور 21 سال کے بعد اس نے 9.3 بلین کا آپریٹنگ منافع اور 26.2 بلین کا خالص منافع حاصل کیا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ قوم کا فخر سمجھی جانے والی ائیرلائن پر عوام نے امید کھو دی تھی، حکومت کے سخت اقدامات کے باعث قومی ائیرلائن میں مثبت تبدیلی ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں چاروں اطراف سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔ حکومت پی آئی اے نجکاری کے عمل کے ذریعے مالیاتی کارکردگی سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے۔

حکومتی اقدامات کے باعث قومی ائیرلائن کی تنظیم نو،لاگت اور افرادی قوت میں معقولیت لائی گئی۔ پی آئی اے کے واپس منافع بخش ادارہ بننے سے نہ صرف اس کی ساکھ میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ ملکی معیشت کیلئے بھی مفید ثابت ہوگا۔قومی ائیرلائن اب نجکاری کے ذریعے مالیاتی کارکردگی سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے۔