پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ، محکمہ تعلیم کو تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں جلد کرنے کا مراسلہ بھجوا دیا

شدید گرمی کے باعث اوقات کار میں رد و بدل اورتمام سکولز اور کالجز میں بلا تعطل ٹھنڈے اور صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ،مراسلہ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 اپریل 2025 15:06

پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ، محکمہ تعلیم کو تعلیمی اداروں میں گرمیوں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09اپریل 2025)پنجاب میں ہیٹ ویو کا خطرہ،پی ڈی ایم اے نے محکمہ تعلیم کو تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں جلد کرنے کامراسلہ بھجوا دیا، محکمہ تعلیم کو تمام سکولز اور کالجز میں ہیٹ ویو بچاو کیلئے مختلف ہدایات پر عمل کی سفارش ، پروایشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی جانب سے محکمہ ہائراور سکول ایجوکیشن کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہاگیا ہے کہ ہیٹ ویو کے خطرات کے باعث سکولوں کے اوقات کار میں رد و بدل اور زیادہ گرمی کی صورت میں جلد موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا جائے۔

سکول اور کالجز میں بلا تعطل ٹھنڈے اور صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور بچوں کو ہلکے، ڈھیلے ڈھالے کپڑے استعمال کروانے کیلئے واضح ہدایات کی جائیں۔پی ڈی ایم اے نے شدید گرمی کے خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی احتیاطی تدابیر کیلئے مراسلے جاری کردئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

مراسلے کے مطابق عارضی طور پر آوٹ ڈور سرگرمیوں پر فی الفور پابندی عائد کرنے، کلاس رومز کی وینٹی لیشن، پنکھے اور کولنگ سسٹم کو فنکشنل رکھنے اور اسکولوں میں ابتدائی طبی امداد کاونٹرز قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہیٹ ویو سے بچاو کیلئے ابتدائی طبی امداد کاونٹرز پر ٹرینڈ سٹاف کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روزپنجاب میں سکول یونیفارم کے کوڈ کے نفاذ میں نرمی کرنے کااعلان کیا گیا تھا اور یکم مئی سے طلباء کو یونیفارم کی بجائے کوئی بھی مناسب لباس پہننے کی اجازت دیدی گئی تھی۔ محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کیلئے ڈریس کوڈ کی نئی ہدایات جاری کی گئیں تھیں ۔

بتایا گیا تھا کہ یہ اجازت گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد دوبارہ سکول کھلنے سے لے کر 15 ستمبر تک برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ صوبے بھر کے تمام سکولوں میں نماز ظہر کے پڑھنے کی سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے جو نئی ہدایات تمام سکولوں کے منتظمین کو بھیجی تھیں ان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ تمام طالبات کے میک اپ کرنے، جیولری اور چمکدار لباس اور ریشمی کپڑوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر تمام سکولوں میں خاتون ٹیچرز کیلئے شلوار قمیض پہننا اور دوپٹہ اوڑھنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ خاتون ٹیچرز کیلئے جینز، ٹی شرٹ پہننے پر اورمیل ٹیچرز کیلئے جینز اور ٹی شرٹس پہننے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔