پی ٹی آئی کا 4 منحرف اراکین اسمبلی کیخلاف اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ

جن ارکان نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی یہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جیتے تھے، انہوں نے قرآن پر حلف اٹھایا تھا اور پی ٹی آئی سے وفاداری کا عہد کیا تھا، تحریک انصاف

جمعرات 3 جولائی 2025 21:30

پی ٹی آئی کا 4 منحرف اراکین اسمبلی کیخلاف اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے 4 منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے بتایا کہ 4 منحرف ارکان میں چوہدری عثمان علی، مبارک زیب، اورنگزیب کھچی اور ظہور قریشی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ 4 ارکان جنہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم میں ووٹ دیا ان کے خلاف سفارشات مرتب کی ہیں، پارٹی کو کہا ہے کہ ان چاروں ارکان کے خلاف نااہلی کا ریفرنس اسپیکر اور الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ جن ارکان نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی یہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر جیتے تھے، انہوں نے قرآن پر حلف اٹھایا تھا اور پی ٹی آئی سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ارکان حلف لینے کے بعد اب اس حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جلد ریفرنس اسپیکر کو بھیجا جائے گا، دیکھتے ہیں وہ کیا کارروائی کرتے ہیں۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق مبارک زیب آزاد حیثیت میں جیتے اور پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوئے تھے۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد مخصوص نشستوں کے فیصلے کا انتظار کیا گیا، 26ویں آئینی ترمیم کے موقع پر ارکان نے پی ٹی آئی کی پالیسی سے اختلاف کیا تھا۔