پاکستان کے عوام اور افواج کشمیر یوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، تحریک آزادی کشمیر منطقی انجام کو پہنچے گی، چوہدری انوار الحق

بدھ 9 اپریل 2025 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کے عوام اور افواج کشمیر یوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،ہمیں سیاسی اخلاقی حمایت مل کر کرنی ہے،تحریک آزادی کشمیر منطقی انجام کو پہنچے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی دفعہ کشمیر لبریشن سیل میں سیاسی بیروزگاروں کو بھرتی نہیں کیا گیا،بیس کیمپ کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے جدوجہد ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہم اپنی نظریاتی اساس سے ہٹ جائیں گے تو اس کی ناقابلِ بیان قیمت ادا کرنا پڑے گی،جن کے بیرونی دنیا میں وکیل نہیں ہے ان کی حالت آپ کے سامنے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو کام پاکستانی حکومت کے کرنے کے ہیں، وہ کررہی ہے،جو کام ہمارے کرنے کے ہیں وہ ہمیں کرنے چاہئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی قوانین ہمیں اپنا علاقہ آزاد کرانے کا حق دیتے ہیں،پاکستان کی جانب سے کشمیر کی حمایت میں کوئی کمی نہیں ہے،کشمیر کے عوام کو اپنے حصے کا کام کرنا ہے۔ حریت رہنما غلام محمد صفی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کو باور کرانا چاہتا ہے کہ پاکستان کے لئے اب کشمیر کی حیثیت نہیں،ایسے میں ہم نے پاکستان ،کشمیر کی قیادت کو یکجا کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج اس کانفرنس میں پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی سفارتی پالیسی کا ایک جزو ہے، کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے۔انہوں نے کہا کہ حریت رہنما کانفرنس میں تمام قیادتوں کو جمع کرنے میں کامیاب ہوئے،جب تک کشمیر پر قابض رہیں گے، مزاحمت کا حق کشمیریوں کو حاصل رہے گا۔انہوں نے پاکستان اور کشمیر کے خلاف بھارت کا حقیقی چہرہ لانے کا کہا۔کانفرنس میں مشاہد حسین سید اور دیگر رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے عزم کا اعادہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے اور بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے سدباب کے لئے بھی کردار ادا کرنا چاہئے ۔