راولپنڈی میں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

بدھ 9 اپریل 2025 17:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) محکمہ شہری دفاع راولپنڈی نے ضلع بھر میں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کےایک ماہ کے دوران فیول سٹیشنز سمیت 79 ایجنسیاں سربمہر کر دیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ شہری دفاع کے چیف آفیسر طالب حسین نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی و ملحقہ تحصیلوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے جہاں فیول سٹیشنز اور شاپنگ مال میں آتشزدگی کے آلات کی تنصیب کو یقینی بنایا جارہا ہے وہیں گلی محلوں میں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور ایک ماہ کے دوران فیول سٹیشنز سمیت 79 ایجنسیاں سربمہر کر کے ڈ سپنسر مشینیں و دیگر آلات قبضہ میں لئے گئے ہیں ۔

طالب حسین نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران متعلقہ تھانوں کی پولیس کی مدد سے کارروائی کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جارہا ہے اور مقدمات کا اندراج کے ساتھ بھاری جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔