کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں، ایاز میمن موتی والا

بدھ 9 اپریل 2025 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)آل کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین اور عام آدمی پارٹی پاکستان کے بانی، ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کا بحران سنگین شکل اختیار کرتا جارہا ہے جبکہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ 16 گھنٹوں سے زائد وقت تک بجلی غائب رہتی ہے، جس کی وجہ سے کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور گھریلو معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

ایاز میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے بیشتر علاقے بشمول لیاری، صدر، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد ٹائون، کورنگی، اورنگی ٹائون اور ضلع وسطی پانی کی قلت سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

لوگ پانی کے حصول کے لیے خوار ہو رہے ہیں جبکہ واٹر ٹینکر مافیا موقع کا فائدہ اٹھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجرمانہ خاموشی اور اداروں کی نااہلی نے کراچی جیسے میگا سٹی کو ایک بار پھر بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا ہے۔ شہری نہ دن میں سکون سے رہ سکتے ہیں، نہ رات کو آرام کر سکتے ہیں۔ جب پانی نہ ہو اور بجلی مسلسل غائب ہو تو ایک عام شہری کی زندگی کس کرب سے گزرتی ہے، اس کا اندازہ صرف وہی لگا سکتا ہے جو اس صورتحال سے دوچار ہو۔

ایاز میمن موتی والا نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس بحران پر قابو نہ پایا گیا تو شہر میں عوامی غصہ پھٹ پڑے گا اور حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں مزید مشکلات میں دھکیل رہے ہیں۔