وزیراعظم شہبازشریف کے حلقے میں گیس کی بندش، عوام سراپا احتجاج

کاہنہ کے علاقے شہزادہ روڈ ، سمیت متعدد علاقہ جات میں گیس کی بندش جاری ہے

بدھ 9 اپریل 2025 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2025ء) لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ، جو کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا انتخابی حلقہ ہے، میں سوئی گیس کی طویل بندش کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ یاد رہے کاہنہ کے علاقے شہزادہ روڈ، کچوانہ، جیٹھولاں والا قبرستان سمیت متعدد علاقہ جات میں گیس کی بندش جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں جبکہ ہوٹل اور دیگر کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گیس کی بندش کے باوجود بھاری بھرکم بل بھیجے جا رہے ہیں جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ "ہمارے بچے صبح بغیر ناشتہ کیے اسکول جا رہے ہیں، رات کے کھانے کے لیے ہوٹلوں پر مہنگا کھانا خریدنے پر مجبور ہیں۔" احتجاج میں شریک مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لے اور گیس کی بحالی کو یقینی بنائے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر "گیس دو، عوام کو ریلیف دو" جیسے نعرے درج تھے۔ دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ طلب میں اضافے اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے تاہم جلد ہی حالات بہتر کر دئیے جائیں گے۔