پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر کمی ہونے کا امکان

عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 60.12 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے، عالمی مارکیٹ میں مسلسل کمی کے پیش نظرجی ایس ٹی کی شرح بھی بڑھائی جاسکتی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 اپریل 2025 22:15

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر کمی ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 09 اپریل 2025ء ) پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر کمی ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث برینٹ خام تیل 60.12 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے۔ یکم اور 2 اپریل کو برینٹ خام تیل کی قیمت 74.95 ڈالر فی بیرل تھی ، 2 اپریل کے بعد سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت 14 ڈالر فی بیرل سے زائد کم ہوئی۔

عالمی مارکیٹ میں مسلسل کمی کے پیش نظرجی ایس ٹی کی شرح بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔

فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔ آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 21 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 205 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 5 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 280 روپے 77 پیسے ہو گئی ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 79 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 744 روپے 81 پیسے رہی۔

اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 729 روپے 22 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 912 روپے 61 پیسے اور قطری ریال کی قدر 77 روپے 02 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ملک میں اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 281 روپے اور قیمت فروخت 282 روپے 50 پیسے ریکارڈ کی گئی۔