ایبٹ آباد شہر کی ترقی کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز متحد ہیں، صدر عوامی اتحاد

جمعرات 10 اپریل 2025 12:35

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) ایبٹ آباد کی ترقی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے شہر کے تمام سٹیک ہولڈرز متحد ہیں، عوامی یکجہتی، اتفاق اور اتحاد ملکی سلامتی کا ضامن ہے۔ان خیالات کا اظہار عوامی اتحاد کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ کونسل کے سبزہ زار میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے ڈسٹرکٹ خطیب مولانا مفتی عبدالحمید قریشی، سابق رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار، صدر عوامی اتحاد کامران احمد ایڈووکیٹ، عبدالرزاق گوہر جنرل سیکرٹری عوامی اتحاد، نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن فدا بہادر ایڈووکیٹ، صدر پریس کلب سردار نوید عالم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عید ملن جیسی تقریبات سماجی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کا ذریعہ ہیں، اس سے عوام میں اتحاد اور یگانیت پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکانے عید کی مبارک باد پیش کی اور ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے منظم کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر عوامی اتحاد کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی اتحاد شہریوں کو شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے متفقہ کردار ادا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔تقریب میں شہر کے ہر مکتبہ فکر کے نمائندہ افراد،علما کرام، پریس و میڈیا کے منتخب نمائندوں، وکلا رہنمائوں، شہر کی تمام تاجر تنظیموں کے نمائندوں، بلد یاتی نمائندوں، سماجی تنظیموں کے نمائندوں، آرٹ و ادب کی معروف شخصیات اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔