حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے،ملک محمد یونس

مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی،قائد پاکستان وصدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ہمیشہ بحرانوں سے نکالا

جمعرات 10 اپریل 2025 17:05

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)چیئرمین مسلم لیگ ن جاپان ملک محمد یونس نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت میں گامزن ہے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی،قائد پاکستان وصدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ہمیشہ بحرانوں سے نکالا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی دس حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے، اس پارٹی نے ہمیشہ نفرت اور لوٹ مار کی سیاست کی ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، پوری دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستان کی آج تعریف کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دن رات محنت کرکے ملک کی معیشت کو استحکام دیا۔

انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 190ملین پاؤنڈ کی ڈکیتی کی، پی ٹی آئی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، یہ وہ لوگ تھے جنھوں نے پاکستان کی بہتری کے لیے ایک اینٹ نہیں لگائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں ملکی ترقی کا سفر روکا،ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ہمیشہ ملک میں ترقی ہوئی، دوست ممالک کے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں ملکی معیشت آج بہتری کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، روپیہ مستحکم ہے اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ سیاست کی آڑمیں ملک پر حملے کئے گئے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سیاسی دہشت گردی نہیں چلے گی، سیاست تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کرکی جائے۔