بھارتی حکومت انسانیت کے نام پر دھبہ ہے،چوہدری محمد الیاس

بھارتی حکومت اس کے لیے اپنی بزدل فوج کو جدید اسلحہ قانونی تحفظ اور انعامات دے رہی ہے

جمعرات 10 اپریل 2025 17:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ضلع کوٹلی و مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد الیاس نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ سرینگر اور وہاں قابض فوجیوں کو بے گناہ کشمیریوں کے قتل اور گرفتاریوں پر انعامات دینے کی تقریبات منعقد کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت انسانیت کے نام پر دھبہ ہے۔

وہ کشمیریوں کے جائز اور منصفانہ تحریک کو گولیوں اور بندوقوں کی سنگینوں سے کچلنا چاہتے ہیں۔بھارتی حکومت اس کے لیے اپنی بزدل فوج کو جدید اسلحہ قانونی تحفظ اور انعامات دے رہی ہے۔کشمیری ان مظالم سے خوفزدہ نہیں ہیں وہ آزادی کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی کے متوالے جان ہتھیلی پر رکھ کر بھارتی فوج کی گولیاں اپنے سینوں پر کھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

روزانہ کی بنیاد پر بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کو سرعام گولیاں مار رہی ہے۔بھارتی حکومت کے یہ اقدامات سے واضح ہے کہ امیت شاہ اور ان کی انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کامفتوحہ علاقہ سمجھتے ہیں۔جہاں انسانی حقوق اور قانون کی کوئی وقت نہیں ہے انہوں نے بھارتی حکومت،فوج اور وزیر داخلہ کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوجیوں کو غیر قانونی اختیارات دینے اور کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ امیت شاہ اور ان کی حکومت وقتی طاقت استعمال کر سکتی ہے کرے لیکن کشمیری اپنی آزادی اور الحاق پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے امیت شاہ اور بھارتی فوج کو بالا آخر جموں و کشمیر سے نکلنا ہو گا۔انھوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ دو تین ماہ سے مقبوضہ جموں وکشمیر اور کشمیر یوں کی بھارتی فوج کے ہاتھوں ہونے والی ہلاکتوں اور گرفتاریوں کی تحقیقات کے لیے اپنا خصوصی وفد بھیجے اور بھارتی حکومت پر زور دے کہ وہ نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن بند کرے۔