وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی بیج بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات،زرعی شعبے میں گرین ایگریکلچر ریفارمز متعارف کروانے کے حکومتی عزم کا اعادہ

جمعرات 10 اپریل 2025 18:17

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی بیج بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے بیج بنانے والی پرائیویٹ کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے وڑن کے مطابق زرعی شعبے میں گرین ایگریکلچر ریفارمز متعارف کروانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کسانوں کو معیاری اور رجسٹرڈ بیج فراہم کیے جائیں تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے نیشنل ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ فیلڈ انسپکٹرز کے ذریعے بیج کی کوالٹی کو ریگولیٹ کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 95 فیصد کسان چھوٹے کاشتکار ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے مکمل سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اس سلسلے میں غیر معیاری بیج بنانے والی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ان کی شکایات سننے و حل کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔