تین روزہ نمائش ہیم ٹیکسٹائل کولمبیاکا اختتام،چار پاکستانی کمپنیوں کی شرکت

نمائش ممکنہ گاہکوں اور انڈسٹری سے وابستہ افراد سے رابطے کا بہترین موقع ،بلال ظفر

جمعرات 10 اپریل 2025 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)تین روزہ نمائش ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا جمعرات10اپریل کو اختتام پذیر ہوگئی۔ ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا میں پاکستان کی 4 کمپنیوں نے شرکت کی۔ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا کا دوسرا ایڈیشن، جو کہ خطے کی سب سے اہم ہوم ٹیکسٹائل نمائش ہے، 8 سے 10 اپریل 2025 تک پلازا میئر میڈیلن میں منعقد ہوئی۔ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا نے لاطینی امریکہ کے کلیدی خریداروں کو اپنی جانب متوجہ کیا، جن میں کولمبیا، پیرو، اور میکسیکو ہوم ٹیکسٹائلز کی مانگ میں سرفہرست رہے۔

اس کے علاوہ پاناما، ایکواڈور، چلی، اور ڈومینیکن ریپبلک جیسے اسٹریٹجک مارکیٹس نے بھی شرکت کی، جس کی وجہ سیاحت، ہوٹلنگ اور مخصوص تجارتی شعبوں میں اضافہ ہے۔یہ کاروباری اور اختراعی پلیٹ فارم 120 سے زائد نمائش کنندگان، 1,400 بین الاقوامی خریداروں، اور تقریباً 4,000 شرکاء کو آپس میں ملانے کا ذریعہ بنا، جس سے یہ ایونٹ براعظم امریکہ میں ہوم ٹیکسٹائل انڈسٹری کا مرکز بن گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی 4 کمپنیاں، جن میں کلاسیک ٹیکسٹائل، کے بی ایکسپورٹس، ماہی انٹرنیشنل، اور ظفر فیبرکس شامل ہیں، اس نمائش میں شریک ہوئیں۔ ان کمپنیوں نے اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات جیسے بیڈ لینن، کچن لینن، اور تولیے پیش کیے، جو پاکستان کی عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں مضبوط پوزیشن کو ظاہر کرتے ہیں۔ظفر فیبرکس کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال ظفر نے نمائش کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ نمائش ممکنہ گاہکوں اور انڈسٹری سے وابستہ افراد سے رابطے کا بہترین موقع تھی۔

یہ نہایت منظم انداز میں منعقد کی گئی اور ہمارے برانڈ کو وسیع تر سامعین تک پہنچانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی۔ہیم ٹیکسٹائل کولمبیا 2025 مینوفیکچررز، خریداروں، ریٹیلرز، آرکیٹیکٹس اور کاروباری افراد کے لیے ایک کلیدی مرکز بن کر ابھرا، جہاں انہوں نے آپس میں جڑنے اور تعاون کا موقع پایا۔ تین روزہ ایونٹ کے دوران تخلیقی صلاحیت، تبادلہ خیال اور علم کی شراکت دیکھی گئی۔ "کریئیٹو کولمبیا" نے ہوٹلنگ سیکٹر کے لیے ٹیکسٹائل کے جدید استعمالات کو اجاگر کیا، جبکہ "کچن بائے ہیم ٹیکسٹائل" نے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، اور کیٹرنگ سیکٹر کے لیے کچن حل پیش کیے۔ "نالج ہب" میں ماہرین نے مستقبل کے رہائشی رحجانات، شہری و دیہی تبدیلیوں، اور ٹیکسٹائل میں پائیداری پر روشنی ڈالی۔