بیرسٹر سلطان کے اعزاز میں چوہدری وقاص علی آف ترپا کی جانب سے عید ملن پارٹی کا اہتمام

جمعرات 10 اپریل 2025 21:17

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں ممبر ضلع کونسل چوہدری وقاص علی آف ترپا نے عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا۔ وزیر توانائی آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری ارشد حسین، فرزند کشمیر چوہدری صہیب ارشد، بزرگ رہنما چوہدری محمد ریاض آف ببیام نے خصوصی شرکت کی۔

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے اعزاز میں منعقدہ عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرے حالیہ برطانیہ اور امریکہ کے دورہ میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پوری قوت سے اجاگر کیا ہے اور مودی کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر پوری دنیا میں بے نقاب ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مودی فاشسٹ حکومت نے 5 اگست 2019ء میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا اور بھارتی فوج نے قتل و غارتگری میں ہوش ربا اضافہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کے آزادی کے جذبے کو توڑنے کے لیے مودی کی فاشسٹ حکومت ظلم و بربریت کے تمام ہتھکنڈے آزما رہی ہے لیکن بھارت کے تمام مظالم اور ظلم و جبر کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور مسلسل آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔اس موقع پر میزبان پروگرام ممبر ضلع کونسل چوہدری وقاص علی آف ترپا نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو وادی ترپا آمد کے موقع پر خوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا۔