پاک فضائیہ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ سیسل چوہدری کی 13ویں برسی13اپریل اتوار کو ہوگی

جمعرات 10 اپریل 2025 21:50

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء)پاک فضائیہ کے ہیرو فلائٹ لیفٹیننٹ سیسل چوہدری کی 13ویں برسی13اپریل اتوار کو ہوگی اس موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ 27 اگست 1941 کو پیدا ہونے والے سیسل چوہدری نے 1965 کی جنگ کے دوران غیر معمولی جذبے اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔سیسل چوہدری پاکستان کے ایک ایسے مایہ ناز مسیحی سپوت تھے جنہوں نے دفاع وطن کیلئے بیش بہا خدمات سر انجام دیںان کی غیر معمولی کاوشوں کے باعث انہیں ستارہ جراّت سے نوازا گیا جو میدان جنگ میں ان کی بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

1965ئء کی جنگ میں سیسل چوہدری نے بطور فلائٹ لیفٹنٹ, سرفراز رفیقی شہید کی زیر قیادت متعدد کاروائیوں میں شرکت کی حملے میں ان تینوں جانبازوں نے کئی بھارتی طیاروں کو تباہ و برباد کیا۔

(جاری ہے)

1971 کی جنگ کے دوران سیسل چوہدری نے سرگودھا ایئر بیس پر خدمات انجام دیں،انہوں نے ایک لڑائی کے دوران دشمن کے ایک کیمبرہ بمبار طیارے کو تباہ کیا۔ بھارتی سرحد کے قریب ایک مشن کے دوران ان کے طیارے میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے وہ پیراشوٹ سے باہر نکل گئے جس سے ان کی پسلیاں ٹوٹ گئیں تاہم اسکے باوجود، سیسل چوہدری نے اپنی قوم کے تئیں غیر متزلزل وابستگی کے ساتھ 14 اضافی فضائی مشنوں میں حصہ لیا، جس سے انہیں ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

سیسل چوہدری 13 اپریل 2012 کو پھیپھڑوں کے سرطان کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے ۔