دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے جنوبی اضلاع میں پولیس کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں ، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید

جمعرات 10 اپریل 2025 23:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ جنوبی اضلاع میں انفراسٹرکچر مضبوط بنایا جارہا ہے، کمزور عمارتوں کی مرمت کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے تاکہ اگر کہیں کمزور انفراسٹرکچر کی وجہ سے پولیس کو نشانہ بنایا جارہا ہے تو اسے روکا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں بنوں اور ڈی آئی خان کے تمام تھانوں اور پولیس لائنز کے لئے نئی عمارتیں تعمیر کریں گے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمیدنے مزید کہا کہ جنوبی اضلاع میں پولیس کی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں ،پولیس کو دستیاب تمام وسائل کو موثر طریقے سے استعمال میں لیا جارہا ہے جبکہ ایس ایم جیز سمیت جدید اسلحہ بھی خریدا جائے گا جہاں سکیورٹی کے مسائل ہیں وہاں بلٹ پروف اور اے پی سی گاڑیاں دی جارہی ہیں۔