ٓ وفاقی وزیر خزانہ کی اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام پاکستان کے وفد کے ساتھ فالو اپ ملاقات

Gملاقات کے دوران UNDP کی ٹیم نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ماحولیاتی فنانسنگ کے حصول کے لیے قابلِ سرمایہ کاری منصوبہ جات کی تیاری میں جاری تکنیکی معاونت پر بریفنگ دی

جمعرات 10 اپریل 2025 21:00

چ* اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) پاکستان کے وفد کے ساتھ فالو اپ ملاقات،وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے آج اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) پاکستان کے ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹو ڈاکٹر سیموئیل رزق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فالو اپ ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران UNDP کی ٹیم نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ماحولیاتی فنانسنگ کے حصول کے لیے قابلِ سرمایہ کاری منصوبہ جات کی تیاری میں جاری تکنیکی معاونت پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر رزق نے اس سال اسپین میں ہونے والی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس برائے فنانسنگ فار ڈیولپمنٹ (FfD4) سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں قابلِ سرمایہ کاری منصوبوں کے پورٹ فولیو کو حتمی شکل دینے اور FfD4 میں پاکستان کی مؤثر شرکت کو یقینی بنانے پر گفتگو ہوئی۔

ڈاکٹر رزق نے حکومتِ پاکستان کی پالیسی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری اور ماحولیاتی فنانسنگ کے شعبے میں مؤثر پیش رفت کر رہی ہے۔انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور مارکیٹ ریٹنگز کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ FfD4 پاکستان کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے روابط اور عالمی ماحولیاتی و ترقیاتی فنانسنگ کے حصول کا ایک اہم موقع ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کی سابقہ رہنمائی کی روشنی میں، ڈاکٹر رزق نے بتایا کہ UNDP نے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی (MoCC&EC) اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) کے تعاون سے پانچ ابتدائی قابلِ سرمایہ کاری منصوبے شناسائی کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ ان منصوبوں کا تعلق گرین ایکسپورٹس، بایو ویسٹ مینجمنٹ، سڑکوں کے انفراسٹرکچر، مقامی گرین پرائیویٹ سیکٹر کی ترقی، اور گرین رئیل اسٹیٹ سے ہے۔

ڈاکٹر رزق نے مزید بتایا کہ اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی و سماجی امور (DESA) کا ایک مشن اگلے ہفتے اسلام آباد کا دورہ کرے گا، جو وفاقی و صوبائی حکومتوں، کلیدی اسٹیک ہولڈرز اور نجی شعبے کے ساتھ مشاورتی اور صلاحیت سازی کے سیشنز منعقد کرے گا تاکہ FfD4 میں پاکستان کی شرکت کے لیے تیاری مکمل کی جا سکے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے ماحولیاتی اور پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) سے متعلق فنانسنگ ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں UNDP کے تعاون کو سراہا۔

انہوں نے حکومت کے "مکمل حکومتی" نقطہ نظر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الوزارتی کمیٹیظجس میں وزارتِ خارجہ، منصوبہ بندی و ترقی، موسمیاتی تبدیلی، اقتصادی امور، خزانہ اور P3A کے سینئر افسران شامل ہیںظکو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کی ساختی اصلاحات اور ماحولیاتی لچک کے اہداف سے ہم آہنگ سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کی تیاری پر مشترکہ طور پر کام کریں۔ ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان UNDP اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے عالمی ماحولیاتی و ترقیاتی فنانسنگ فورمز میں مؤثر کردار کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔