امتحانات میں شفافیت اور بوٹی مافیا کا خاتمہ بورڈ کی اولین ترجیح ہے – چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی

جمعرات 10 اپریل 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی،محمد عدنان خان نے کہا ہے کہ رواں سال کے سالانہ امتحانات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے بورڈ نے زیروٹارلینس پالیسی کو مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کے دوران کیا۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور ہدایات، صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر فرخ نوید کی رہنمائی میں بوٹی مافیا اور نقل کے خلاف ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے واضح اور حوصلہ افزا ء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔دوروں کے دوران مختلف امتحانی مراکز میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا، جہاں چیئرمین بورڈ نے اساتذہ، نگران عملے اور طلبہ سے ملاقات کی اور امتحانی عمل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت سے اجتناب کریں اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ، راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے امتحان نہم فرسٹ اینول 2025کے سلسلہ میں گورنمنٹ گیلانی ماڈل گرلز ہائی سکول،گورنمنٹ گیلانی ماڈل بوائز ہائی سکول، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول واہ ویلیج واہ گارڈن،گورنمنٹ کوہِ نور بوائز ہائی سکول اورگورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فاروویمن پشاور روڈ، راولپنڈی کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران اُمیدواران کے بیٹھنے کا پلان، امتحانی عملے کی حاضری اور سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا۔ امتحانی عملے کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاملِ امتحان اُمیدواران کو بہترین سہولیات فراہم کرنا بورڈ کی اولین ترجیح ہے اور اس کو عملی جامع پہنانا آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرچوں کی مارکنگ کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے نظام کو بروئے کار لا کر کسی بھی بے ضابطگی کا فوری سدباب کیا جا رہا ہے۔