عصر حاضر میں عالمی مسائل کے حل کے لئے ایک نیا مسلم بیانیہ وقت کی ضرورت ہے،خورشید احمد ندیم

جمعرات 10 اپریل 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) انسانیت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک مسلم بیانیہ جو کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرت کی روشنی میں ہو، وقت کی ضرورت ہے۔ نیشنل رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی (این آر کے این اے ) اس سلسلے میں او آئی سی کے ممبران کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ یہ بات چیئرمین اتھارٹی خورشید احمد ندیم نے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو سے اتھارٹی کے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں سفیرکے ہمراہ ترکیہ سفارتخانے کے مذہبی امور کےاتاشی عبد الرحمن اککُس بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سفیر اور ان کے وفد کو اتھارٹی کے وژن، مشن، مختلف اقدامات اور مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین خورشید احمد ندیم، ڈائریکٹر جنرل ظفر محمود ملک اور ڈائریکٹر سہیل بن عزیز نے اتھارٹی کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی جس میں عالمی امن کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی، اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

خورشید احمد ندیم نے اتھارٹی کے مختلف منصوبوں کا تذکرہ کیا خاص طور پر ان منصوبوں کا ذکر کیا گیا جن کا مقصد عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر اسلام کے متعلق مثبت پیغامات کا فروغ اور غلط فہمیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ترک سفیر نے اتھارٹی کی طرف سےمحدود وسائل اور مختصر مگر پرعزم ٹیم کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اتھارٹی کے نیک مقاصد کے لئےانتھک محنت اور اور قلیل وقت میں اس کے ثمرات کو سراہا۔

ترک سفیر نے اتھارٹی کے مشن کے لئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور ترکی کی جانب سے مستقبل کے منصوبوں میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں ترکیہ میں اتھارٹی کے علاقائی مرکز قائم کرنے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ یہ مرکز اسلام کے متعلق غلط فہمیوں کے حل کے لئے کام کرےگا خاص طور پر ایک بین الاقوامی متبادل بیانیہ مہم کے انعقاد پر زور دیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد اقوام عالم تک اسلام کا اصل پیغام پہنچانے اور ثقافتوں کے درمیان گہری تفہیم کو فروغ دینا ہے۔ مزید برآں پاکستان میں ترکیہ کے سفارتخانے نے نیشنل رحمت اللعالمین یوتھ کلبز کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین کلبز کے لئے ایوارڈز کی سپانسرشپ کی بھی پیشکش کی۔فریقین نے مستقبل میں تعاون کے بارے میں امید کا اظہار کیا اور ترکیہ اور قومی رحمۃللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی پاکستان کے درمیان مشترکہ مقاصد کےحصول کے لئے تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔