ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی زیرنگرانی شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، مختلف مقامات کا دورہ

تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن بلا تعطل ،بلا امتیاز جاری رہے گا ،کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی‘ڈپٹی کمشنر عمران علی

جمعہ 11 اپریل 2025 12:39

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور ڈویژن کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کی زیرنگرانی شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن۔ کار سرکار میں مداخلت پر ایک شخص کو موقع پر ہی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران نیا لاری اڈا، فیروزپور روڈ اور اسٹیل باغ چوک کا اچانک دورہ کیا۔

قائم تجاوزات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈی سی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے عوام کو سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن بلا تعطل اور بلا امتیاز جاری رہے گا جس میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے عرصہ دراز سے قابض مافیا کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے ایک دن کی مہلت دیتے ہوئے کہاکہ وہ خود تجاوزات کا خاتمہ کریں بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ ان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔

نیا لاری اڈا عوامی سہولیات کے لیے قائم کیا گیا ہے یہاں کسی قسم کا کوئی غیرقانونی قبضہ یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے پرانا لاری اڈا بھی دورہ کیا جہاں گذشتہ دنوں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا۔ ڈی سی نے دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے موقع پر غیرقانونی تھڑے مسمار کروا دیے اور راستوں کو کشادہ کروایا۔

ڈپٹی نے دُکانوں کی حدبندی بھی کروائی اور متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ دُکانوں کی مقررہ حدود سے باہر کسی قسم کی سرگرمی برداشت نہ کی جائے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کیو اے ای ڈی قصور کا دورہ کیا، جہاں قائم امتحانی مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے امتحانی عمل، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور رول نمبر سلپس کی جانچ کی۔

بعد ازاں ڈی سی نے ہائر سیکنڈری سکول سے ملحقہ گورنمنٹ ایلیمنٹری ٹیچرز ٹریننگ کالج قصور کا بھی دورہ کرکے تعلیمی معیار، اساتذہ کی حاضری اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کے فیروزپور وزٹ کے دوران وہاں پر نو پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کے خلاف ڈی سی کی ہدایت پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں جرمانے کیے گئے۔ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی نگرانی خود ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کی جبکہ اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنر قصور سمیت تمام متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔