لیجنڈ گلوکار احمد رشدی کی برسی جمعہ کو منائی گئی

جمعہ 11 اپریل 2025 13:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) لیجنڈ گلوکار احمد رشدی کی برسی جمعہ 11 اپریل کو منائی گئی۔ پاکستانی فلم انڈسٹری میں اپنی محسور کن آواز اور خوبصورت گیتوں سے شہرت حاصل کرنے والے لیجنڈ گلوکار احمد رشدی نے تین دہائیوں تک فلم نگری پرراج کیا۔ منفرد گلوکار کی شوخ و چنچل آواز آج بھی موسیقی کے دلدادہ افراد کے کانوں میں رس گھولتی ہے۔

شوخ آواز اور چلبلے انداز کے مالک ورسٹائل پلے بیک سنگر احمد رشدی کو پاکستان کا پہلا پاپ سنگر بھی کہا جاتا ہے۔ احمد رشدی 24 اپریل 1934ء میں ریاست حیدر آباد میں پیدا ہوئے۔ احمد رشدی نے 70 اور 80 کی دہائی میں بننے والی فلموں میں اپنی مسحور کن آواز کے ذریعے شائقین موسیقی کی سماعتوں میں رس گھولے۔ریڈیو پاکستان کراچی کے پروگرام ’’بچوں کی دنیا‘‘ میں گائے جانے والے گیت نے احمد رشدی پر فلمی صنعت کے دروازے کھول دیے۔

(جاری ہے)

احمد رشدی نے اپنا پہلا گانا فلم ’’انوکھی‘‘ کیلئے ریکارڈ کروایا تاہم اداکار علاؤالدین پر فلمائے ایک گیت نے ان کی شہرت کو دوام بخشا۔ چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر ان کی آواز کا جو تاثر ابھرتا تھا وہ اپنی مثال آپ ہے۔احمد رشدی نے فلم سپیرن، مہتاب اور آنچل پر تین سال تک مسلسل نگار ایوارڈ حاصل کیا۔ انہیں مصور اور ملینیم ایوارڈز کے علاوہ ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ 20 برس تک گائیگی کی دنیا میں اپنا لوہا منوانے والے احمد رشدی 11 اپریل 1983ء کو اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ ان کی برسی کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور موسیقار برادری سمیت ان کے مداحوں نے ان کی خدمات پر انہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔