اسرا یونیورسٹی میں نوجوانوں کے معاشی استحکام پر خصوصی سیمینار کا انعقاد

جمعہ 11 اپریل 2025 19:09

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) اسرا یونیورسٹی حیدرآباد میں اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ سندھ کے تحت "یوتھ انٹرپرینیورشپ" اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سید حبیب اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ سندھ کراچی تھے۔

سیمینار میں اسرا یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف بزنس کے پروفیسر ڈاکٹر فہیم، پروفیسر ڈاکٹر سہیل قاضی، ڈاکٹر سعد بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ سندھ رضوان ملاح، ٹرینر وقاص احمد اور طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈپارٹمنٹ سندھ سید حبیب اللہ نے کہاکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خود کچھ سیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں، جب تک نوجوان ٹریننگز کا حصہ نہیں بنیں گے، ترقی کا سفر مشکل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ صرف قومی یا عالمی سطح تک محدود نہیں، مقامی سطح پر بھی نوجوان اپنی سروسز دے سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کی مختلف سرکاری و پرائیویٹ یونیورسٹیز میں نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کے سلسلے میں ٹریننگز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فہیم، ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ سوشل سائنسز اسرا یونیورسٹی نے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوجوان صرف نوکری کے متلاشی نہ رہیں بلکہ روزگار دینے والے بنیں، آج کا جدید دور ٹیکنالاجی کا ہے، اس سے فائدہ اٹھانا ہی وقت کی ضرورت ہے۔

ٹرینر وقاص احمد نے انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے انٹرایکٹو سیشن میں مثالوں کے ذریعے نوجوانوں کو آگاہی فراہم کی جبکہ نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) حیدرآباد سے تربیت یافتہ ڈاکٹر عادل انصاری، ڈاکٹر وسیم لغاری اور لاریب فاطمہ نے پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :