سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام اور آذربائیجان کی وزارتِ سائنس و تعلیم کے درمیان ایم او یو پر دستخط

جمعہ 11 اپریل 2025 22:56

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام اور آذربائیجان کی وزارتِ سائنس و تعلیم کے ماتحت انسٹیٹیوٹ آف مالیکیولر بایالوجی اینڈ بایو ٹیکنالوجیز(آئی ایم بی بی)کے درمیان زرعی تحقیق اور بایوٹیکنالوجی کے شعبوں میں طویل مدتی سائنسی اشتراک کے لیے ایک مفاہمتی یاد داشت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

دستخطی تقریب یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں منعقد کی گئی، جہاں پر سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال اور آئی ایم بی بی کی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ارادہ حسینوا نے پانچ سالہ تعاون کے فریم ورک کے طور پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کا مقصد فصلوں کی جینیات اور افزائش، دیہی ترقی، مربوط انسدادِ کیڑوں کے طریقے، زرعی بایوٹیکنالوجی، اور خوراک کے معیار و تحفظ جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹرالطاف سیال نے کہا کہ یہ معاہدہ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ساتھ ساتھ سائنسی تبادلے، فیکلٹی کے دورے، اور زرعی جدت و پائیداری سے متعلق اہم شعبہ جات میں پوسٹ گریجویٹ تربیت کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ یہ تاریخی معاہدہ پاکستان اور آذربائیجان کے سائنسی سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور خطے میں تکنیکی جدت اور پائیدار زرعی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

آئی ایم بی بی کی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ارادہ حسینوا نے بتایا کہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے جینومک تحقیق، حیاتیاتی کیڑہ کنٹرول، اور زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ جیسے شعبوں میں تکنیکی ترقی کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ دونوں ممالک کی خوراکی تحفظ اور موسمیاتی لچک کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔دونو ں اداروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ وہ مشترکہ طور پر بین الاقوامی تحقیقی فنڈنگ کے لیے درخواست دیں گے، نئی ٹیکنالوجیز کی صنعتی سطح پر ترقی کی حمایت کریں گے، اور تحقیقاتی نتائج بشمول جینیاتی وسائل اور دانشورانہ املاک کے مساوی استعمال کو یقینی بنائیں گے۔

آذربائیجان میں اس اشتراک کی نگرانی ایسوسی ایٹ پروفیسر عالمدار ممدوف، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ایکسچینج، آئی اپم بی بی کریں گے، جبکہ پاکستان میں سندھ زرعی یونیورسٹی کی طرف سے ڈاکٹر محمد ابراہیم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔