چوہدری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے صدر منتخب

چوہدری سالک حسین سینئر نائب صدر اور چودھری شافع حسین پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری منتخب

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:02

چوہدری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے صدر منتخب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوئے جس میں چوہدری شجاعت حسین پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر ، چوہدری سالک حسین سینئر نائب صدر اور طارق حسن سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے جبکہ چوہدری شافع حسین پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور ملک سمین خان صدر منتخب ہوئے۔مرکزی الیکشن کمشنر حافظ عقیل اور صوبائی الیکشن کمشنر ڈاکٹر عبد الرحیم نے نو منتخب عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا۔

مرکزی اور صوبائی جنرل کونسل کے اراکین نے ہاتھ کھڑے کرکے نو منتخب عہدیداران کی تائید کی۔ اراکین جنرل کونسل نے ڈاکٹر محمد امجد کے پارٹی کے چیف آرگنائزر تقرری کی منظوری دی جبکہ مصطفی ملک کو پارٹی کا مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا۔

(جاری ہے)

مرکزی اور صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری شجاعت حسین نے کی ۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ کے نو منتخب صدر چوہدری شجاعت حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں معاشرے کے ہر طبقے کے لئے راہنمائی موجودہے اور قرآن مجید ہی پاکستان مسلم لیگ کا منشور ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ تکبر کو نہیں انسانیت سے پیار کو پسند کرتا ہے ہمسایوں ،دوستوں اور ناداروں کے ساتھ رواداری ،اخلاق اور ہمدردی کا رویہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اتحاد کی قوت سے پارٹی اور ملک کو مضبوط بنائیں گے۔پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے نو منتخب جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو تکبر پسند نہیں اور ہمارے اندر کبھی تکبر نہیں آیا۔

مخالفین انتقامی سیاست کا الزام لگاتے ہیں لیکن ہم انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن بھی ضروری ہے جس سے سیاسی جماعتیں مضبوط ہوتی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کے ساتھ مل کر ملک اور قوم کی خدمت کررہے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ نگران حکومت سے پہلے کی حکومت نے پنجاب میں بے پناہ کرپشن کی ہے جبکہ موجودہ حکومت تمام ترقیاتی سکیمیں شفاف طریقے سے مکمل کررہی ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری اور خدمت کی سیاست کی ہے اس لئے ہم مل کر چوہدری شجاعت حسین کی عوامی خدمت کی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کو مل کر ملک کی مقبول اور مضبوط پارٹی بنانا ہے۔ مسلم لیگ مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔نو منتخب سینئر نائب صدر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پارٹی نے ہمیں دوباررہ منتخب کرکے نیا جزبہ اور نئی طاقت دی ہے ،مایوس نہیں کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ کو ہرسطح پر مضبوط کریں گے پارٹی کے نو منتخب عہدیداران کو اب اپنی ارکردگی دکھانا ہوگی۔پارٹی کے نو منتخب جنرل سیکرٹری طارق حسن اور چیف آرگنائزر ڈاکٹر امجد اور دیگر پارٹی عہدیداران نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے آئین میں ترامیم کے حوالے سے بھی قرار داد منظور کی گئی۔