پی ٹی آئی اگر مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھے گی تو ان کو خوش آمدید کہیں گے

جو پاکستان کا سیاسی معاشی استحکام چاہتا ہے وہ مذاکرات کیلئے ضرور بیٹھے گا، استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کیلئے کسی پر دباؤ نہیں تھا، عمران اسماعیل سیاسی فائدے کیلئے بیان دے رہے ہیں،وزیرمملکت اوورسیز پاکستانی عون چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 12 اپریل 2025 21:29

پی ٹی آئی اگر مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھے گی تو ان کو خوش آمدید کہیں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 12 اپریل 2025ء ) وزیرمملکت اوورسیز پاکستانی وانسانی وسائل عون چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اگر مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھے گی تو ان کو خوش آمدید کہیں گے،جو پاکستان کے ساتھ مخلص ہے وہ سیاسی معاشی استحکام کیلئے مذاکراتی ٹیبل پر ضرور بیٹھے گا، استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کیلئے کسی پر دباؤ نہیں تھا، عمران اسماعیل سیاسی فائدے کیلئے بیان دے رہے ہیں۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہماری اتحادی حکومت ہے، پیپلزپارٹی حکومت میں بڑا اسٹیک رکھتی ہے،اختلاف رائے ہونا جمہوریت کا حسن ہے،پی ڈی ایم حکومت میں بھی وزیراعظم نے ایک ٹیم بن کر کام کیا، تب پاکستان کو بہت مشکلات تھیں، معیشت پر بڑا پریشر تھا۔

(جاری ہے)

لیکن دونوں بڑی جماعتوں نے مل کر پاکستان کا سوچا اور ایک ٹیم بن کر کام کیا۔

پیپلزپارٹی بڑی جماعت ہے نہروں کے معاملے پر وزیراعظم ضرور ان کے تحفظات دور کریں گے۔ پی ڈی ایم حکومت کی اگر کارکردگی اچھی نہیں تھی تو پیپلزپارٹی بھی اس کابینہ کا حصہ تھی، اگر وہ کوئی سخت بات کررہے ہیں تو ایسا نہیں ہے، سیاسی مذاکرات ہی مسائل اور تحفظات کا حل ہے۔ وزیراعظم پیپلزپارٹی قیادت کی تجاویز کا بڑا احترام کرتے ہیں۔پی ڈی ایم کے 16مہینوں میں کتنی مشکلات تھیں یہ سب کو بڑا اچھی طرح پتا ہے۔

اس دور میں دونوں جماعتوں نے سیاست کا نہیں بلکہ پاکستان کا سوچا تھا۔کیونکہ پاکستان ہوگا تو سیاست بھی ہوگی اور ہم سب بھی ہوں گے۔پیپلزپارٹی کے تحفظات ہر صورت دور کئے جائیں گے۔عون چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بہتری اور سیاسی معاشی استحکام آرہا ہے، عمران اسماعیل سیاسی فائدے کیلئے بیان دے رہے ہیں،ہماری پارٹی میں شامل ہونے کیلئے کسی پر کوئی دباؤ نہیں تھا، جو پارٹی میں شامل ہوا اس کو ویلکم کیا تھا، پی ٹی آئی اگر پاکستان کے ساتھ مخلص ہے تو استحکام کیلئے مذاکراتی ٹیبل پر بیٹھے گی، ہم پی ٹی آئی کو مذاکرات کی ٹیبل پر ویلکم کریں گے۔