پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان

پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 254.63 روپے سے کم ہو کر 242 روپے فی لیٹر ہونے کی توقع ظاہر کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 12:10

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے تاہم قیمتوں میں کمی کے صحیح اعداد و شمار کو ابھی تک حتمی شکل نہیں دی گئی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 اپریل 2025ء سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر کی کمی متوقع ہے، پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 254 روپے 63 پیسے سے کم ہو کر 242 روپے فی لیٹر ہونے کی توقع ہے، اس کے علاوہ عالمی سطح پر گراوٹ کے بعد ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے جس کے نتیجے میں قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر 250 روپے فی لیٹر ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اگلے کچھ ماہ میں وزیر اعظم مزید ریلیف کا اعلان کریں گے، مہنگائی کی شرح میں کمی ہو رہی ہے، شرح سود 22 فیصد سے 12 فیصد پر آ چکی ہے، افراط زر نیچے آنے کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیے، پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروبار میں استحکام آرہا ہے، سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ معمول کا حصہ ہے، منرلز انویسٹمنٹ فورم ہماری معاشی سمت کے درست ہونے کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2028ء کے بعد ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا، پاکستانی مصنوعات کوعالمی منڈی تک رسائی دینا وقت کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ سیلری کیٹیگری کے فورم کو 150 سے کم کرکے 25 تک لے کرجا رہے ہیں، سیلری کیٹیگری کے ٹیکس پراسس میں سہولیات لارہے ہیں، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو بخوبی سمجھتا ہوں، ایسا طبقہ جس کی جائیداد یہاں ہے نہ وہاں اس کو بھی پیچیدہ ٹیکس نظام میں الجھایا ہوا ہے۔

وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ چیمبرز کے مسائل کا ادراک ہے، مشکلات حل کرنے کی کوشش کریں گے، تاجروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، تاجروں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، سیالکوٹ چیمبر تاجروں کے لیے کامیابی کی مثال ہے، گوجرانوالہ ایکسپو کودنیا بھرمیں سراہا گیا، صنعت کی ترقی ملکی ترقی کاباعث ہے، معاشی استحکام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ریکوڈیک منصوبہ ہمارا خواب ہے۔