معروف کاروباری شخص ، کالم نگار آردشیر کاؤس جی کی سالگرہ اتوار کو منائی گئی

اتوار 13 اپریل 2025 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) معروف کاروباری شخص اور کالم نگار آردشیر کاؤس جی کی سالگرہ اتوار 13 اپریل کو منائی گئی۔ کائوس جی 13 اپریل 1926ء کو کراچی میں کاوسجی پارسی ( زرتشتی ) خاندان میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد رستم فخرجی کائوس جی مرچنٹ شپنگ میں ایک کاروباری تھے ۔اردشیر نے بائی ویر بائی جی سوپاری والا پارسی ہائی سکول میں تعلیم حاصل کی اور ڈی جے سائنس کالج کراچی سے گریجویشن کی ۔

کائوس جی ایک خاندانی شپنگ کمپنی کے مالک تھے جو پاکستان کی آزادی کے وقت کراچی کی سب سے بڑی شپنگ کمپنی تھی۔ انھیں وزیر اعظم ذو الفقار علی بھٹو نے 1973ء میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا تھا۔ کائوس جی انگریزی اخبار ڈان کے مستقل کالم نگار تھے۔

(جاری ہے)

کالم نویسی کے علاوہ آردیشر کاؤس جی کو بزنس مین اور سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی جانا جاتا ہے۔

انھوں نے کاؤس جی فاؤنڈیشن بھی قائم کی تھی جس کے ذریعے وہ مختلف تعلیمی اداروں کی مالی امداد کیا کرتے تھے اور ہونہار طالب علموں کو مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے سکالر شپ بھی دیا کرتے تھے۔آردشیر کاؤس جی کا انتقال 86 سال کی عمر میں 24 نومبر 2012ء کو ہوا۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔