پولیس رینجرز کی مشترکہ کارروائی، نارتھ کراچی سے جعل سازی اور نوسربازی میں ملوث ملزم عبد الحق کو گرفتار کر لیا

اتوار 13 اپریل 2025 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے جعل سازی اور نوسربازی میں ملوث ملزم عبد الحق کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور حساس اداروں، پولیس اور دیگر محکموں کے جعلی کارڈز کے ساتھ تین عدد مختلف ناموں کے جعلی ناد را شناختی کارڈز اور 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم خود کو حساس اداروں اور پولیس کا اعلی عہدیدار ظاہر کر کے سادہ لوح شہریوں کو مختلف سرکاری اداروں میں نوکریاں دلوانے کے عوض بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہی-ملزم جعلی دستاویزات جن میں مختلف اداروں کے اپائنٹمنٹ لیٹرز، ویزے، پاسپورٹ ، شناختی کارڈز ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس، پولیس تصدیق لیٹر ز ، بینک اکانٹس / ا سٹیٹمنٹس اور مختلف اداروں کے جعلی کارڈز تیار کرواکر انہیں دھوکہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ملزم لوگوں کو جھانسہ دینے کیلئے انہیں شہر کے معروف ہو ٹلز میں بلا کر اپنا تعارف حساس ادارے / پولیس آفیسر کی حیثیت سے کرواتا اور ان کا بھروسہ حاصل کرتا تھادوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اندرون سندھ اور کراچی کے مختلف تھانوں کی جعلی ایف آئی آرز بنوا کر لوگوں کو بلیک میل کرنے اور ان کو ڈرا دھمکا کر بھاری رقوم حاصل کرنے میں بھی ملوث رہا ہے۔

ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ غیر ملکی نمبرز اور غیر رجسٹر ڈ موبائل نمبر ز کا استعمال کرتا تھا اور کچھ دن کے بعد اپنا نمبر تبدیل کر لیتا تھا -گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن اور برآمد شدہ جعلی دستاویزات مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیاگیا ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجر زمددگار بذریعہ واٹس ایپ نمبر 10347900111 یا رینجر ز ہیلپ لائن 1101 پر کال کریں یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گیا۔