مسلم لیگ (ن)حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں ایک مرتبہ پھر تنظیم سازی کے لئے متحرک ہو گئی

شہر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی پنجاب میں کئے جانے والے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی تشہیری مہم بینرز بھی لگائے گئے ہیں

اتوار 13 اپریل 2025 19:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2025ء) مسلم لیگ (ن)حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں ایک مرتبہ پھر تنظیم سازی کے لئے متحرک ہو گئی، مختلف شعبوں کے اجلاسوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جبکہ شہر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی پنجاب میں کئے جانے والے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کی تشہیری مہم بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر بشیر میمن کی ہدایت پر حیدرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو متحرک کیا گیا ہے، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور اس کی ذیلی تنظیموں کے سندھ بھر میں اجلاسوں، کارنر میٹنگز، جلسے اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ حیدرآباد کی مختلف شاہراہوں پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے فلاحی منصوبوں کے بڑے بڑے پوسٹر، بینرز اور پینا فلیکس لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کھیل داس کوہستانی نے وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے گھروں اور علاقوں میں جا کر ان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں تنظیم کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔درایں اثنا سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) ڈویژن حیدرآباد رانا راشد حمید نے کہا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے پنجاب میں جس طرح عوام کی بھلائی کے کام کئے جا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اور پیپلز پارٹی بھی سندھ میں اسی طرز کے ترقیاتی کام کرے تاکہ عوام کو اس سے فائدہ ہو سکے۔

کیونکہ پیپلز پارٹی سندھ سے کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت پر براجمان ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی ورکرز کنونشن مختلف اضلاع میں منعقد ہو چکے ہیں اور حیدرآبادد میں بھی بہت جلد ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں صوبائی اور مرکزی قائدین کی آمد متوقع ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نائب صدر حیدرآباد ڈویژن فیصل اطہر راجپوت نے کہا ہے کہ سندھ کے مختلف محکموں میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار اور پارٹی رہنما یونین قائم کر رہے ہیں تاکہ ان محکموں کے متاثرہ افراد کی بھلائی کے کام کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ شہر کی مین شاہراہوں اور چوکوں و چوراہوں پر بھی مزید بینرز لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور پارٹی کارکنوں سے میٹنگز اور تنظیم کو فعال کرنے کے حوالے سے اجلاس بھی منعقد کئے جا رہے ہیں۔