پاکستان پیپلزپارٹی کے نومنتخب مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کی گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

پیر 14 اپریل 2025 21:13

پاکستان پیپلزپارٹی کے نومنتخب مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) پا کستان پیپلز پارٹی کے نومنتخب مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پارٹی کے میڈیا بیانیہ کے فروغ اور موجودہ سیاسی منظرنامہ میں پیپلز پارٹی کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پارٹی کی ترجمانی جدید میڈیا کے تقاضوں کے مطابق کی جانی چاہئے تاکہ عوام تک پارٹی کا مؤقف واضح انداز میں پہنچ سکے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ بطور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ان کی کوشش ہوگی کہ قومی و علاقائی سطح پر پیپلز پارٹی کا مثبت اور عوام دوست چہرہ سامنے لایا جائے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ندیم افضل چن کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی تقرری سے پارٹی کے میڈیا امور میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہےجس کا بیانیہ عوامی حقوق، جمہوریت کے استحکام اور آئین کی پاسداری پر مبنی ہے اور اسے موثر طریقے سے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پارٹی کے مؤقف کو میڈیا میں مربوط حکمت عملی کے تحت اجاگر کیا جائے گا تاکہ عوامی رابطہ مہم کو مزید تقویت دی جا سکے۔