Live Updates

پی ٹی آئی سمجھتی کہ سیاسی مسائل کو اسٹیبلشمنٹ سے گفتگو کرکے حل کرلیں گے

سیاسی مسائل صرف اس وقت حل ہوں گے جب سیاسی قیادت ٹیبل پر بیٹھے گی، اس وقت سب سر جوڑنے کو تیار ہیں لیکن ایک آدمی کہہ رہا کہ میں نے کسی کو چھوڑنا ہی نہیں ہے۔مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 14 اپریل 2025 23:44

پی ٹی آئی سمجھتی کہ سیاسی مسائل کو اسٹیبلشمنٹ سے گفتگو کرکے حل کرلیں ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 14 اپریل 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمجھتی کہ سیاسی مسائل کو اسٹیبلشمنٹ سے گفتگو کرکے حل کرلیں گے،سیاسی مسائل صرف اس وقت حل ہوں گے جب سیاسی قیادت ٹیبل پر بیٹھے گی۔ انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پی ٹی آئی اپنے معاملات میں الجھی ہوئی ہے اور بری طرح الجھتی جارہی ہے، جب تک یہ جماعت الجھی رہے گی تویہ ملک کی سیاست کو بھی الجھائے ہوئے ہے، جب سے عمران خان کو ایک پوزیشن ملی ہے، اس کے بعد سے مسلسل وہ ملک کی سیاست کو اس سمت پر چلانا چاہتے ہیں جہاں سیاست جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی بلکہ تباہی ہوگی۔

پی ٹی آئی جس راستے پر جانا چاہتی ہے اس سے جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

کسی گھر میں اگر ایک فرد باقی افراد کے خلاف ہوجائے اور کہے کہ میں نے کسی کو چھوڑنا نہیں تو کیا اس گھر میں الجھن پیدا نہیں ہوگی؟پی ٹی آئی سمجھتی کہ سیاسی مسائل کو اسٹیبلشمنٹ سے گفتگو کرکے حل کریں گے لیکن یہ ایسے حل نہیں ہوں گے۔سیاسی مسائل اسی وقت حل ہوں گے جب سیاسی قیادت ٹیبل پر بیٹھے گی ، مذاکرات ہوں گے، اب مسائل حل کرنے کیلئے سب سر جوڑنے کو بیٹھے ہیں لیکن ایک آدمی 2011 سے آج 2025 تک کہتا آرہا کہ میں نے کسی کو چھوڑنا ہی نہیں ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا کہ حکومت کا پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات پر بات کرنے کا مقصد مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اگر یہ کہتی ہے کہ ترسیلات زر بڑھ گئے اور اورسیز کا کنونشن ہوگیا توفی الحال ایسی کو ئی چیز نہیں جو نیچے کی طرف بہتر ہو، کسان کو دیکھیں 2100روپے فی من گندم فروخت ہورہی ہے، فی ایکڑ گندم پر کسان کی ایک لاکھ 40ہزار لاگت آرہی ہے جبکہ اس کو صرف ایک لاکھ مل رہے ہیں، تو حکومت کو کسان کے 40ہزار فی ایکڑ سے کوئی مطلب نہیں، اتنے زیادہ ایشو ہیں، مینوفیکچرنگ نیچے جارہی ہے، انڈسٹریر بند ہورہی ہیں۔

حکومت کیلئے سندھ کا پانی اہم نہیں، پنجاب کا کسان اور بلوچستان کا امن وامان اہم نہیں ہے، حکومت کیلئے پی ٹی آئی کے اندر لڑائی اہم ہے، یہ صرف اس لئے کہ مسائل سے توجہ ہٹائی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات