مقبوضہ کشمیر : سڑک کے مختلف حادثات میں 4افراد جاں بحق ،30زخمی

رام بن میں بانہال کے قریب سڑک پر ایک گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے

منگل 15 اپریل 2025 11:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں سڑک کے مختلف حادثات میں کم سے کم 4افراد جاں بحق اور 30سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع رام بن میں بانہال کے قریب سڑک پر ایک گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق اور 9زخمی ہوگئے۔گاڑی پردو بکر وال خاندانوں کے افراد سوار تھے ۔

گاڑی الٹنے کے بعد ریلوے پل کی دیوار سے ٹکرا گئی۔زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانیہال منتقل کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

ایک اور واقعے میں ضلع اسلام آباد کے علاقے پہلگام میں ایک گاڑی کی ٹکر سے ایک سیاح جاں بحق ہو گیا ۔قابض حکام کے مطابق حادثہ سیلفی پوائنٹ کے قریب پیش آیا۔ضلع اسلام آباد کے سیاحتی مقام سنتھن ٹاپ میں ایک اور حادثے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔

سرینگر میں ریڈیو کشمیر فلائی اوور کے قریب تصادم میں دو موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گئے۔ گاندربل کے علاقے کلاں گنڈ میں ایک تین سالہ لڑکا محمد حسین گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔بانڈی پورہ میں، اوناگام کے علاقے ڈوبن میں ٹریکٹر کھائی میں گرنے سے ایک شخص لقمہ اجل جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔پولیس نے تمام حادثات کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔