ننکانہ صاحب، وساکھی میلہ کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر

منگل 15 اپریل 2025 17:01

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) ننکانہ صاحب میں وساکھی میلے کی تقریبات ارداس / اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں ۔اختتامی ارداس میں ملک پاکستان میں ، امن ، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے کرتار پور کے لیے روانہ ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او سید ندیم عباس نے سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب سے الوداع کیا۔

سکھ یاتریوں کو سخت سکیورٹی حصار میں ننکانہ صاحب سے روانہ کیا گیا۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے ، رہائش ، لنگر ، سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گورونانک کی دھرتی سے محبت اور پیار لے کر جا رہے ہیں ، پاکستانیوں نے اتنا مان سمان کیا ، پاکستان سے جانے کو دل نہیں چاہتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے ، پاکستان پر امن ملک ہے ، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، تمام مذاہب و مسالک کے افراد بہن بھائیوں کی طرح زندگی بسر کر رہے ہیں۔سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں ، ننکانہ کے باسیوں سے ملنے والا پیار کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کا خیال رکھنا پاکستان کی روایت ہے اور ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی سکھ یاتریوں کا خاص خیال رکھے گی۔\378