فلسطین میں جاری ظلم و بربریت پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہی:حافظ زبیرورک

منگل 15 اپریل 2025 18:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2025ء) فلسطین کی سرزمین پر آج جو ظلم و ستم ڈھایا جا رہا ہے، وہ انسانیت کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں اور نہتے مسلمانوں پر بمباری، قتل عام اور نسل کشی جیسے جرائم جاری ہیں، لیکن افسوس کہ مسلم دنیا کی حکومتیں اس ظلم کے خلاف خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ تحریک اتحاد بین المسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ حافظ محمد زبیر ورک اور مرکزی رہنماؤں نے اس حوالے سے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں کی یہ خاموشی محض غفلت نہیں بلکہ ایک مجرمانہ روش ہے، جس کا مواخذہ دنیا و آخرت دونوں میں ہو گا۔

انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کریں، آواز بلند کریں، مالی و اخلاقی امداد کریں اور خاص طور پر ان صیہونی و استعماری طاقتوں کا ہر ممکن بائیکاٹ کریں جو اس ظلم کے پشت پناہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلامی ممالک کی تنظیموں، اداروں اور عالمی پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری عملی اقدامات کریں، سفارتی، اقتصادی اور عالمی سطح پر اسرائیل کا محاصرہ کیا جائے، اور بین الاقوامی عدالتوں میں اسے جنگی مجرم قرار دیا جائے۔ آج وقت ہے کہ امتِ مسلمہ بیدار ہو، متحد ہو، اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ایک آواز بنے۔